برطانوی اخبار ‘دی ٹائمز’ کا اداریہ: عمران خان کیلئے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ

عمران خان اپنی آزادی کیلئے سیاسی کیرئیر قربان کرنے کو تیار نہیں، معروف برطانوی اخبار

September 3, 2026 · امت خاص
عمران خان کے حق میں ٹائمز کے اداریے کی سرخی

عمران خان کے حق میں ٹائمز کے اداریے کی سرخی

معروف برطانوی اخبار ‘دی ٹائمز’ نے اپنے تازہ اداریے میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عمران خان کے معاملے پر پاکستان پر دباؤ ڈالے۔

اخبار نے عمران خان کی قید کو “شدید ترین سیاسی انتقام” قرار دیتے ہوئے برطانوی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف پاکستانی حکام کے سامنے سخت ترین احتجاج ریکارڈ کرائے۔

اداریے میں کئی ایسے دعوے کیے گئے ہیں جن کی پاکستانی حکام پہلے ہی تردید کر چکے ہیں۔ اخبار نے دعویٰ کیا کہ 73 سالہ سابق کرکٹر اور سیاستدان کو سزائے موت کے قیدیوں کے لیے مختص 6 بائی 8 فٹ کی کوٹھڑی میں تنہائی (Solitary Confinement) میں رکھا جا رہا ہے۔

اخبار نے عمران خان کے بیٹوں، سلیمان اور قاسم خان، کے حوالے سے انکشاف کیا کہ ان کے والد کو دن میں 23 گھنٹے مکمل تنہائی میں رکھا جاتا ہے اور قرآن پاک کے علاوہ کسی بھی قسم کا تحریری مواد پڑھنے کی اجازت نہیں ہے۔ مزید یہ کہ انہیں گندا (بھورا) پانی پینے پر مجبور کیا گیا ہے اور سالوں سے بیٹوں سے براہ راست ملاقات یا فون پر بات چیت کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔

اخبار نے کہا کہ اس سخت قید کی وجہ سے عمران خان کی جسمانی صحت شدید متاثر ہوئی ہے۔ ان کی ایک آنکھ کی بینائی خون جمنے (Blood Clot) کی وجہ سے 85 فیصد تک ختم ہو چکی ہے اور وہ ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں۔ اخبار کے مطابق عمران خان کے بیٹوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستانی حکام انہیں طبی علاج سے محروم رکھ کر “قدرتی موت” کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے روسی حکومت نے اپوزیشن لیڈر الیکسی نوولنی کے ساتھ کیا تھا۔

ٹائمز کے مطابق حال ہی میں سرکاری ڈاکٹروں کی جانب سے انہیں ‘صحت مند’ قرار دینے کی رپورٹ کو اہلخانہ نے مسترد کر دیا ہے۔

‘دی ٹائمز’ نے یاد دلایا کہ اقوام متحدہ کا ورکنگ گروپ برائے من مانی حراست (2024) اور تشدد سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی مبصر (2025) پہلے ہی عمران خان کی قید کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، مائیک ایتھرٹن سمیت دنیا بھر کے 22 سابق انٹرنیشنل کرکٹ کپتانوں نے بھی پاکستانی حکومت سے عمران خان کو فوری طور پر آزاد اور خودمختار طبی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

اخبار نے اپنے اداریے کا اختتام اس موقف پر کیا کہ چونکہ عمران خان نے اپنی آزادی کے بدلے سیاسی سودے بازی کرنے سے انکار کر دیا ہے، اس لیے ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ برطانوی حکومت کو اس موقع پر خاموش رہنے کے بجائے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان پر واضح دباؤ ڈالنا چاہیے۔