اسلام آباد ہائیکورٹ نے پمز سانحہ کی رپورٹس طلب کرلیں

درخواست میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹانے اور مبینہ غفلت کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

September 4, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پمز میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعات سے متعلق درخواست کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ فریقین کو 15 روز کے اندر رپورٹ اور پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

عدالت نے وزیراعظم پاکستان کو پیش کی جانے والی رپورٹس بھی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔ درخواست میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹانے اور مبینہ غفلت کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار ناصر عظیم خان کے مطابق 26 اگست 2026 کو پمز کے ایم سی ایچ نرسری میں آتشزدگی کے واقعے کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوئے۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ستمبر 2025 میں پمز میں پیش آنے والے ایک آتشزدگی کے واقعے میں ان کا اپنا نومولود بیٹا بھی جاں بحق ہوا تھا۔

درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ 6 جولائی 2026 کو پمز کے فی میل نرسنگ ہاسٹل میں بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آچکا ہے۔

درخواست گزار نے پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ افسران کی ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے آزادانہ تحقیقات کرانے کی استدعا کی ہے۔ وکیل کے مطابق درخواست میں مبینہ انتظامی ناکامی، فرائض میں غفلت اور حفاظتی اقدامات میں کوتاہی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

درخواست میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر تعینات افسران کے احتساب کے ساتھ ساتھ ان کی تعیناتیوں کا قانونی طریقہ کار کے تحت جائزہ لینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے سی سی ٹی وی فوٹیج، الیکٹرانک ڈیٹا، ڈیوٹی روسٹرز اور مینٹیننس سے متعلق ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت دینے کی بھی درخواست کی ہے تاکہ تحقیقات کے دوران اہم شواہد ضائع نہ ہوں۔

درخواست میں مبینہ طور پر ذمہ دار افراد کے خلاف فوجداری اور محکمانہ کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی، مریضوں کی حفاظت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے مؤثر انتظامات یقینی بنانا متعلقہ حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین سے مقررہ مدت میں جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 28 ستمبر 2026 کو مقرر کردی ہے۔