کارساز باپ بیٹی ہلاکت کیس: ملزمہ نتاشا منشیات کیس میں بھی بری

میڈیکل رپورٹ میں ملزمہ کے منشیات استعمال کرنے کا الزام ثابت نہیں ہوسکا

September 4, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی کے کارساز حادثہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے ملزمہ نتاشا کو امتناعِ منشیات کے مقدمے میں بھی بری کردیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں ملزمہ کے منشیات استعمال کرنے کا الزام ثابت نہیں ہوسکا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزمہ کے خون کے نمونے میں منشیات کے استعمال کی علامات نہیں ملیں۔

ملزمہ نتاشا اس سے قبل کارساز حادثے کے مقدمے میں بھی بری ہوچکی ہے۔ اس کیس میں متاثرہ خاندان کی جانب سے عدالت میں صلح نامہ جمع کرایا گیا تھا، جس میں اہلِ خانہ نے اللہ کی رضا کی خاطر ملزمہ کو معاف کرنے کا مؤقف اختیار کیا تھا۔ عدالت نے صلح نامہ منظور کرتے ہوئے ملزمہ کو بری کردیا تھا۔

یاد رہے کہ 19 اگست 2024 کو کراچی کے علاقے کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی تھی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار باپ اور اس کی بیٹی ہلاک جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔

حادثے کے بعد شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا مطالبہ سامنے آیا۔ پولیس نے موقع سے خاتون ڈرائیور کو حراست میں لے کر طبی معائنے کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا تھا۔