بلوچ لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کے قتل کی خبر جھوٹی نکلی
معروف بلوچ لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کا انتقال چار دہائیوں سے زائد عرصہ قبل ہوچکا تھا، اس لیے حالیہ دنوں میں ان کے قتل کی خبر درست نہیں تھی۔
فائل فوٹو
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے معروف بلوچ لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کے قتل کی خبر سامنے آنے کے ایک روز بعد متعلقہ حکام نے اسے غلط اور غیر مصدقہ قرار دے دیا۔
مائی صوبھائی کے مبینہ قتل کی اطلاعات ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر سامنے آئیں، جس کے بعد مختلف ٹی وی چینلز اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی یہ خبر نشر اور شائع کی گئی۔
بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی کہ مائی صوبھائی کے قتل سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی کے مطابق بعض میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر واقعے اور اس کے مقام سے متعلق غلط معلومات نشر کی گئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مائی صوبھائی کے مبینہ قتل سے متعلق رپورٹس غیر مصدقہ تھیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حساس نوعیت کے واقعات سے متعلق غیر تصدیق شدہ معلومات کے پھیلاؤ سے عوام میں بے چینی پیدا ہوسکتی ہے اور علاقے کی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی غلط تاثر پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
انہوں نے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ ایسے واقعات کی خبر نشر یا شائع کرنے سے قبل ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مجاز حکام سے معلومات کی تصدیق کی جائے۔
ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ میڈیا اداروں سے یہ بھی کہا کہ مائی صوبھائی کے مبینہ قتل سے متعلق نشر کی گئی غلط اطلاعات کی مناسب وضاحت اور تصحیح جاری کی جائے تاکہ عوام کے سامنے درست حقائق آسکیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق معروف بلوچ لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کا انتقال چار دہائیوں سے زائد عرصہ قبل ہوچکا تھا، اس لیے حالیہ دنوں میں ان کے قتل کی خبر درست نہیں تھی۔