اے این ایف کی بڑی کارروائی،کراچی اور کولمبو سے 671 کلوگرام آئس برآمد
کارروائی میں مبینہ افغان سرغنہ احسان اللہ اور اس کے مقامی سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا۔
فوٹو سوشل میڈیا
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے افغانستان سے منسلک بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کراچی اور سری لنکا کے کولمبو پورٹ سے مجموعی طور پر 671 کلوگرام میتھم فیٹامائن (آئس) برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اے این ایف کے مطابق قابلِ عمل انٹیلی جنس کی بنیاد پر کراچی پورٹ پر کارروائی کے دوران ایک کنٹینر سے 200 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ کارروائی میں مبینہ افغان سرغنہ احسان اللہ اور اس کے مقامی سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تحقیقات کے دوران سری لنکا کے کولمبو پورٹ پر بھیجی گئی منشیات سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئیں۔ یہ معلومات سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (DEA) کے ساتھ شیئر کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ڈی ای اے نے سری لنکن حکام کے ساتھ مل کر کولمبو پورٹ پر کارروائی کی، جہاں تولیوں میں مبینہ طور پر چھپائی گئی 471 کلوگرام میتھم فیٹامائن برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف کے مطابق کراچی اور کولمبو بندرگاہوں پر کی گئی دونوں کارروائیوں میں افغانستان سے منسلک منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کی مجموعی طور پر 671 کلوگرام آئس ضبط کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ اے این ایف نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور عالمی اداروں کے ساتھ رابطے کے ذریعے اہم کردار ادا کیا۔
اے این ایف کے مطابق پاکستان افغان ساختہ منشیات کی اسمگلنگ سے متاثرہ ملک ہے اور عالمی ذمہ داریوں کے تحت منشیات کے خلاف کارروائیوں میں اتحادی اور شراکت دار اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سری لنکن حکام اور امریکی ڈی ای اے نے اس کارروائی میں اے این ایف کے کردار، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بین الاقوامی تعاون کو سراہا ہے۔