شہریوں کو وجہ بتائے بغیر آف لوڈ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ برہم

جسٹس ایاز شوکت نے ملائیشیا جانے والے شہری محمد سعید خان کو مبینہ طور پر وجہ بتائے بغیر آف لوڈ کیے جانے سے متعلق درخواست کی سماعت کی

September 4, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریوں کو ایئرپورٹ پر آف لوڈ کیے جانے کی وجوہات تحریری طور پر فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

جسٹس ایاز شوکت نے ملائیشیا جانے والے شہری محمد سعید خان کو مبینہ طور پر وجہ بتائے بغیر آف لوڈ کیے جانے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ کسی بھی شہری کو آف لوڈ کرنے کی صورت میں اس کی وجہ تحریری طور پر درج کی جائے۔
سماعت کے دوران عدالت نے اس معاملے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا کہ حکام وزٹ ویزا اور انویسٹمنٹ ویزا کو ایک ہی نوعیت کا سمجھ رہے ہیں۔
عدالت میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ایف آئی اے کے دیگر حکام پیش ہوئے، جبکہ درخواست گزار محمد سعید خان اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے۔ تاہم شہری کو آف لوڈ کرنے والے متعلقہ افسر عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہوئے۔
جسٹس ایاز شوکت نے استفسار کیا کہ آف لوڈ کرنے والے افسر عدالت میں کیوں پیش نہیں ہوئے؟ ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل نے بتایا کہ افسر کے والد کو دل کا عارضہ لاحق ہونے کے باعث وہ پیش نہیں ہوسکے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسر اگلی سماعت پر پیش ہوں اور والد کی بیماری سے متعلق میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی ساتھ لائیں۔
سماعت کے دوران ایک خاتون افسر کی جانب سے انویسٹمنٹ ویزا اور وزٹ ویزا کو یکساں قرار دینے پر بھی عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس ایاز شوکت نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ میں ایک مؤقف درج ہے جبکہ عدالت کے روبرو مختلف بات کی جارہی ہے۔
عدالت نے متعلقہ خاتون افسر کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جمع کرائی گئی رپورٹ میں بعد ازاں کوئی تبدیلی نہ کی جائے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے کو بھی بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ایئرپورٹ کے معاملات کس افسر کے زیر نگرانی ہیں؟ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایئرپورٹ سے متعلق تمام معاملات دیکھتے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کو آئندہ منگل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے اور متعلقہ ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔