میجر جنرل فیصل نصیر نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا تعینات،مدت تین سال مقرر
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اہم اداروں میں تبادلوں اور تعیناتیوں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے
فائل فوٹو
حکومت نے میجر جنرل فیصل نصیر کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کا نیشنل کوآرڈینیٹر تعینات کردیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کی تعیناتی تین سال کے لیے کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے اہم اداروں میں تبادلوں اور تعیناتیوں کا اعلان کردیا، میجر جنرل فیصل نصیر کو اسیکنڈمنٹ پر تین سال کے لیے نیکٹا کا نیشنل کوآرڈینیٹر تعینات کیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری مختلف نوٹیفکیشنز کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی اور سیکریٹریٹ گروپ گریڈ 21 کے محمد ریاض الدین خان کو اسٹیٹ لائف انشورنس کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے۔
وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان کے کنٹریکٹ میں 4 ستمبر 2026 سے ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے، جبکہ جوائنٹ سیکریٹری وزیراعظم آفس جہانگیر مشتاق کی تعیناتی میں بھی ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔
تقرری کے منتظر پولیس سروس گریڈ 20 کے نوید احمد نثار خواجہ کی خدمات فرنٹیئر کانسٹیبلری کے حوالے کردی گئی ہیں۔ پولیس سروس گریڈ 20 کے محمد کریم خان کی خدمات ایف آئی اے کے سپرد کردی گئی ہیں، جبکہ پولیس سروس گریڈ 19 کے احسن سیف اللہ کی خدمات پنجاب کے سپرد کردی گئی ہیں۔
اسی طرح تقرری کے منتظر گریڈ 20 کے عمران جاوید کی بیرون ملک 14 یوم کی رخصت بھی منظور کرلی گئی ہے۔
وفاقی حکومت کی منظوری سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کی نیکٹا میں تعیناتی اسیکنڈمنٹ پر تین سال کے لیے کی گئی ہے۔