دریائے چناب میں سیر کے دوران کشتی حادثہ،5 افراد ڈوب گئے
حادثے میں ایک شخص ڈوبنے کے باعث ہلاک ہوگیا جبکہ ایک شخص تاحال لاپتا ہے، جس کی تلاش کے لیے دریائے چناب میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
فوٹو سوشل میڈیا (فیس بک)
دریائے چناب میں کشتی حادثے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک لاپتا ہوگیا، ریسکیو ٹیموں نے 3 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق وزیرآباد کے قریب دریائے چناب میں سیر کے دوران کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد دریا میں ڈوب گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ امدادی کارروائی کے دوران 3 افراد کو بحفاظت دریا سے نکال لیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک شخص ڈوبنے کے باعث ہلاک ہوگیا جبکہ ایک شخص تاحال لاپتا ہے، جس کی تلاش کے لیے دریائے چناب میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
لاپتا شخص کی تلاش میں غوطہ خوروں سمیت دیگر امدادی اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں گجرات اور وزیرآباد کی ٹیمیں مشترکہ طور پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔