9 مئی مقدمات میں ملزمان کی عبوری ضمانت پر سماعت ملتوی

مسلم لیگ ن کے دفتر کو نذر آتش کرنے اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت 9 مئی کے دیگر واقعات سے متعلق کیسز شامل ہیں۔

September 5, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مختلف مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی عبوری ضمانتوں میں 6 اکتوبر تک توسیع کردی۔

مقدمات میں مسلم لیگ ن کے دفتر کو نذر آتش کرنے اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت 9 مئی کے دیگر واقعات سے متعلق کیسز شامل ہیں۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے کی۔

سماعت کے دوران سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری، سینیٹر اعظم خان سواتی، مسرت جمشید چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت دیگر ملزمان نے بھی مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتیں حاصل کر رکھی ہیں۔ جے آئی ٹی کے تفتیشی افسران کی جانب سے تفتیشی رپورٹ پہلے ہی عدالت میں جمع کرائی جاچکی ہے۔

پیش کردہ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگر نامزد افراد کو مقدمات میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ عدالت کی جانب سے قانونی کارروائی اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

اعظم خان سواتی، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حافظ فرحت عباس، بلال اعجاز، رائے حسن نواز، علی امتیاز وڑائچ، محمد احمد چٹھہ، محمد اشرف سوہنا اور رائے مرتضیٰ اقبال سمیت دیگر ملزمان نے بھی عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا کو عبوری ضمانتوں کے حوالے سے دلائل پیش کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ تمام متعلقہ مقدمات کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔