عمران خان کے بغیر نئے صوبوں کا تصور نہیں بنتا، اسد عمر
صوبائی حکومت نے کسانوں کے ساتھ مناسب رویہ اختیار نہیں کیا، اسے اپنے اقدامات پر کسانوں سے معذرت کرنی چاہیے اور استعفیٰ دینا چاہیے۔
عمران خان کے بغیر نئے صوبوں کا تصور نہیں بنتا، اسد عمر
پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کسی بھی پیش رفت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شمولیت ضروری ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر تمام اسمبلیوں میں بحث ہونی چاہیے اور اس عمل میں عمران خان کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق عمران خان کی شمولیت کے بغیر نئے صوبوں کا تصور مکمل نہیں ہوتا۔
اسد عمر نے عدالتی نظام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر انصاف کا نظام مؤثر انداز میں کام کر رہا ہوتا تو بانی پی ٹی آئی کو جلد ریلیف مل جاتا۔ ان کا الزام تھا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر دیوار سے لگا دیا ہے۔
پنجاب حکومت کے حوالے سے سابق وفاقی وزیر نے کسانوں کے مسائل پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے کسانوں کے ساتھ مناسب رویہ اختیار نہیں کیا، اسے اپنے اقدامات پر کسانوں سے معذرت کرنی چاہیے اور استعفیٰ دینا چاہیے۔
قبل ازیں اسد عمر 9 مئی سے متعلق مقدمات میں اپنی عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔