کوئٹہ سے ٹرین سروس 2 روز کے لیے معطل کردی گئی
ٹریک کی ضروری مرمت مکمل ہونے کے بعد کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔
فائل فوٹو
کوئٹہ سے اندرون ملک چلنے والی ٹرین سروس کو 2 روز کے لیے عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس 5 اور 6 ستمبر کو کوئٹہ سے روانہ نہیں ہوگی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس بھی ان دونوں دنوں میں کوئٹہ تک سفر نہیں کرے گی۔
حکام کے مطابق 5 اور 6 ستمبر کو جعفر ایکسپریس کی سروس جیکب آباد تک محدود رہے گی۔ ٹرین سروس میں یہ عارضی تبدیلی ریلوے ٹریک کی مرمت اور بحالی کے کام کے باعث کی گئی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی ضروری مرمت مکمل ہونے کے بعد کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔