آئین کے خلاف اقدامات کرنے والوں کو عوام نہیں بھولیں گے،علیمہ خان
موجودہ صورتحال میں صرف پی ٹی آئی ہی نہیں بلکہ دیگر لوگوں کے ساتھ بھی مبینہ طور پر ناانصافی ہو رہی ہے
فائل فوٹو
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا اور آئین کے خلاف اقدامات کرنے والوں کو عوام نہیں بھولیں گے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بہت سے لوگ یہ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نہ آئیں، تاہم حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں صرف پی ٹی آئی ہی نہیں بلکہ دیگر لوگوں کے ساتھ بھی مبینہ طور پر ناانصافی ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ سے بڑی کوئی عدالت نہیں، لیکن اس کے فیصلے کو بھی تسلیم نہیں کیا گیا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی جگہ نہیں لے سکتیں۔ ان کے مطابق اگر کسی معاملے میں بیرسٹر گوہر کی جگہ لینے کی بات کی جاتی تو یہ بات قابل فہم ہوتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض ایسے افراد بھی قیادت سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں جو خود چیئرمین شپ کے خواہشمند ہیں۔ علیمہ خان نے سوال اٹھایا کہ عوام آخر کب تک مبینہ ظلم برداشت کرتے رہیں گے۔
علیمہ خان نے اس موقع پر اپنے سیاسی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا وقت بہت سے معاملات کو واضح کردے گا۔