چکوال میں ڈیپورٹ افغان باشندوں کے کاروباروں کی نیلامی

سامان کا معائنہ 3 ستمبر 2026 کو کیا گیا، جبکہ نیلامی کے لیے بولی 4 ستمبر کو صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک مقرر کی گئی تھی

September 5, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)

فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)

چکوال میں افغان باشندوں سے متعلق متعدد دکانوں میں موجود سامان اور دیگر اشیا کی نیلامی کا اعلان کردیا گیا۔

جاری کردہ عوامی نوٹس کے مطابق افغان دکانوں میں موجود سامان، فٹنگ، ریلنگ اور دیگر اشیا کو کھلی بولی کے ذریعے نیلام کیا جائے گا۔ نیلامی کے لیے مختلف دکانوں کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے، جن میں ریشم گھر کی تین دکانیں، خان ٹائکر، شارجہ ٹی اسٹور، بلوچستان ڈرائی فروٹ، نجیب کریانہ، حسن ٹی اسٹور، نور فیبرکس، امین کباڑ خانہ، لاثانی شوز، ایم خان کاسمیٹکس، لاثانی سیمنٹ، حبیب زری، جنگ یارڈ، دینی شور، کراچی شوز، رحمت درائی، صدیق کا میکس اور چمن ڈرائی فروٹ شامل ہیں۔

نوٹس کے مطابق سامان کا معائنہ 3 ستمبر 2026 کو کیا گیا، جبکہ نیلامی کے لیے بولی 4 ستمبر کو صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک مقرر کی گئی تھی۔ اسی روز سہ پہر 3 بجے ڈسٹرکٹ کونسل ہال چکوال میں نیلامی کے عمل کا وقت بھی درج کیا گیا ہے۔

نیلامی میں کامیاب ہونے والے بولی دہندہ سے منظور شدہ مجموعی رقم کا 25 فیصد بطور زرِ ضمانت اور ابتدائی رقم موقع پر وصول کرنے کی شرط رکھی گئی ہے، جبکہ باقی رقم سات روز کے اندر جمع کرانا ہوگی۔

دوسری جانب افغان سفارتخانے کے مطابق ایک وفد نے چکوال کا دورہ کرکے مقامی حکام سے ملاقات کی اور افغان شہریوں کی جائیدادوں اور کاروباری مفادات سے متعلق قانونی معاملات پر بات چیت کی۔ سفارتخانے کا کہنا ہے کہ مقامی حکام نے مالکان کے حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تاہم چکوال کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی تفصیلی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

یہ معاملہ پاکستان میں افغان شہریوں کی واپسی اور غیر دستاویزی تارکین وطن سے متعلق جاری پالیسی کے تناظر میں بھی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم دستیاب نیلامی نوٹس کی بنیاد پر فی الحال یہ واضح ہے کہ نیلامی دکانوں میں موجود سامان اور دیگر اشیا سے متعلق ہے، جبکہ دکانوں یا جائیدادوں کی ملکیت کی نیلامی کے حوالے سے الگ سرکاری وضاحت درکار ہوگی۔