گڈانی میں پاک بحریہ کا بڑا آپریشن، ایک ہزار کلو آئس برآمد
آپریشن کے دوران ضبط کی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 21 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
گڈانی میں پاک بحریہ کا بڑا آپریشن، ایک ہزار کلو آئس برآمد
بلوچستان کے علاقے گڈانی میں پاک بحریہ اور ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس ساؤتھ زون نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے تقریباً ایک ہزار کلوگرام آئس برآمد کرلی۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق کارروائی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے تعاون سے کی گئی۔ آپریشن کے دوران ضبط کی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 21 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس ساؤتھ زون کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ کامیاب کارروائی مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔ اس آپریشن سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور پاکستانی سمندری حدود و سرزمین کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے عزم کا بھی اظہار ہوتا ہے۔
پاک بحریہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔