پی ٹی آئی کے اپنے ہی صحافیوں کو کارکنوں نے پیٹ ڈالا۔ تحقیقات شروع
شیخ سرورکا ہاتھ فریکچر ۔ تین رکنی کمیٹی تشکیل
تصویر: سوشل میڈیا
شکارپور میں سٹریٹ موومنٹ کے لیے دورے پر آئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے قافلے میں موجود اہلکاروں اور کارکنوں نے ریلی کی کوریج کے دوران صحافیوں پر تشدد کیا۔ اس کے نتیجے میں آغا شیخ سرور کا ہاتھ فریکچر ہوگیا،دیگر کئی بھی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شیخ وقاص اکرم نے ایکس پر لکھاہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی کی پرامن ریلی کی کوریج کے دوران صحافی آغا شیخ سرور، ضیغم لغاری , شاکر محمود اعوان اور دیگر میڈیا افراد پر تشدد ناقابلِ قبول ہے۔ یہ صحافی سندھ میں اور ہماری سیاسی سرگرمی میں مہمان تھے۔ صدر سندھ حلیم عادل شیخ کی ہدایت پر شو کاز نوٹس جاری کیا گیا ہے اور تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔ تحریک انصاف کے نزدیک آزادی صحافت ایک بنیادی اصول ہے۔
سلمان اکرم راجہ کے مطابق ،کل رات میں نے فون پر آغا سرور سے بات کی تھی۔ جو ہوا اس پر سخت افسوس ہے۔ میں نے حلیم عادل شیخ کو فوری طور پر شو کاز نوٹس جاری کرنے کا کہا تھا۔ پارٹی کے کسی عہدیدار اور خیر خواہ کی جانب سے تشدد قابل قبول نہیں۔ شفاف انکوائری ضروری ہے۔