پی ٹی آئی اب اسٹیبلشمنٹ نہیں، پی پی پی اور ن لیگ کے خلاف نکلے گی:علی درانی
اسٹیبلشمنٹ کسی ہارے ہوئے گھوڑے یا مردہ لاش پر کبھی اپنی انوسٹ نہیں کرتی
فائل فوٹو
سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ڈائریکشن بدل لی ہے، وہ اب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں نکلے گی بلکہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف اور صوبوں کی حمایت میں نکلے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ لندن پلان جان بچاؤ پلان ہے، جس کا مقصد عوام سے اپنی جان، مال اور حکومت بچانا ہے۔ سندھ کی تقسیم کا کوئی بل ابھی سامنے نہیں آیا لیکن پی پی پی نے سنا، دیکھا اور ماحول بنانا اور شور مچانا شروع کردیا ہے۔ ہم بہاولپور اور ہزارہ صوبہ بنائیں گے، دیکھتے ہیں ہمیں کون روکتا ہے، جس کی منظوری خود انہوں نے دی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ بینک نہ ہونے کی وجہ سے پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) میں الیکٹ ایبلز کی کوئی دلچسپی اور کشش نہیں رہی۔ الیکشن سے پہلے ووٹ بینک تو رہا نہیں تھا، اب سپورٹ بینک بھی ختم ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اڑھائی سال سے یہی کہہ رہا تھا کہ پی ٹی آئی جنگی مشین نہیں، وہ تصادم چھوڑ کر سیاست کرے، حکومت کے خلاف بولے، اسے سیاسی شیئر بھی ملے گا۔ یہ بات اب پی ٹی آئی کو سمجھ آگئی ہے۔
محمد علی درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی ہے اور اس موقع سے فائدہ اٹھانے کا طے کرلیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) والے اب جتنی مرضی کوشش کرلیں، اب پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں نکلے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ عوام کے ووٹ بینک کے دباؤ کی وجہ سے کہیں نہیں جاسکے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے پاس اپنے الیکٹ ایبلز کو دینے کے لیے کچھ نہیں۔ نہ یہ معیشت ٹھیک کرسکے اور عوام کو کچھ ڈلیور کرسکے، نہ عوام ان کے ساتھ ہیں۔ اب اسٹیبلشمنٹ بھی ان کے ساتھ نہیں رہتی تو یہ آئندہ کا الیکشن جیت نہیں سکتے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ مڈل اور لوئر مڈل کلاس پر مبنی ہوتی ہے، عوام بھی مڈل اور لوئر مڈل کلاس ہوتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی اشرافیہ کی نمائندہ جماعتیں بن چکی ہیں۔ ان کے جہازوں کے پٹرول چلتے رہے لیکن موٹر سائیکل کا پٹرول مہنگا کردیا۔
محمد علی درانی نے کہا کہ ان کے علاج بیرون ملک ہوتے ہیں اور معصوم بچے۔ ان جماعتوں کا عوام اور نوجوانوں کے ساتھ کوئی رابطہ اور تعلق برقرار نہیں رہا۔ یہ عدم تعلق نوشتہ دیوار ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کسی ہارے ہوئے گھوڑے یا مردہ لاش پر کبھی اپنی انوسٹ نہیں کرتی۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ نظام کولیپس کرگیا ہے لیکن کولیپس کرانے والے امیر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے دبئی میں پیسہ لگایا، وہ بیٹھ گیا، اب لندن چلے گئے، اللہ لندن پر رحم کرے۔ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت ایک بوجھ اور لائیبیلٹی بن چکی ہے۔
مولانا فضل الرحمن کے اپوزیشن کے ساتھ ملنے کے سوال پر سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے کہا کہ مولانا کے ہونے سے زیادہ دیکھنے والی بات ہے کہ کیا پی ٹی آئی کمرے کے باہر مولانا کے ساتھ ہوگی؟
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ صورتحال بڑی دلچسپ ہوگئی ہے کیونکہ سیاستدان میدان میں کھیل رہے ہیں۔ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) چاہتے ہیں کہ عوام کی مقبولیت بحال ہوسکے اور اقتدار بھی بچ جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسرا ہدف ان کا یہ ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے لڑتی رہی۔ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی بقا اسی میں ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے لڑتی رہے۔
پی ٹی آئی نے یہ بات سمجھ لی ہے، اب پی ٹی آئی اس سازش کا شکار نہیں ہوگی اور وہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف باہر نہیں نکلے گی۔ حکومت کے خلاف نکلیں گے، صوبے کے حق میں نکلے گی، پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف نکلے گی۔
محمد علی درانی نے کہا کہ میری دانست میں پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) دل سے آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔