آزاد کشمیر حکومت نے 8 وزرا کو قلمدان تفویض کر دیے، نوٹیفکیشن جاری
وزیرِ اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے قواعد کار (نظر ثانی شدہ) 1985 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وزرا کو محکمے الاٹ کیے ۔
فائل فوٹو
مظفرآباد: آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے 8 وزراء کرام کو مختلف محکموں کے قلمدان (portfolios) تفویض کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (شعبہ کابینہ) کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیرِ اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے قواعد کار (نظر ثانی شدہ) 1985 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وزرا کو محکمے الاٹ کیے ۔
سردار میر اکبر خان کو وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ، باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، وقار احمد نور کو وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کو وزیر صحت عامہ ، اظہر صادق کو وزیر ہائر ایجوکیشن کا محکمہ الاٹ کیا گیا۔
ثاقب مجید راجہ وزیر توانائی و آبی وسائل ، محمد ریاست خان: وزیر مال و بحالیات، عمیر نعیم وزیر ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن، عبدالرحمٰن وزیر سیاحت، صنعت، محنت و معدنی وسائل ہوں گے ۔