مغوی بچیوں کی بحفاظت بازیابی — مری پولیس کی مسلسل کوششیں کامیاب
تھانہ پتریاٹہ کے علاقے سے اغوا ہونے والی دونوں بچیوں کو پولیس نے بازیاب کرا لیا۔
مغوی بچیوں کی بحفاظت بازیابی — مری پولیس کی مسلسل کوششیں کامیاب
مری پولیس کی مسلسل، مؤثر اور انتھک کوششوں کے نتیجے میں تھانہ پتریاٹہ کے علاقے سے اغوا ہونے والی دونوں بچیوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔ بچیوں کی بازیابی کے لیے ڈی پی او مری کی نگرانی میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل پولیس آپریشن جاری تھا۔ پولیس ٹیموں نے 3 سے 4 مقامات پر چھاپے مارے اور شدید مزاحمت کے باوجود کارروائیاں جاری رکھیں۔ اس دوران مری پولیس کا ایک سب انسپکٹر زخمی بھی ہوا، تاہم پولیس نے آپریشن ترک نہیں کیا۔ ایس ایچ او تھانہ پتریاٹہ خود آزاد کشمیر گئے اور انتہائی مشکل حالات میں مسلسل رابطے، مذاکرات، مقامی سطح پر معلومات کے حصول اور پولیس کے مسلسل دباؤ کے نتیجے میں دونوں بچیوں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی۔ ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا کہ بچیوں کی بحفاظت واپسی ہماری اولین ترجیح تھی۔ تمام تر مشکلات اور مزاحمت کے باوجود مری پولیس نے مسلسل کوشش جاری رکھی اور الحمدللہ آج ہماری محنت کامیاب ہوئی۔ ڈی پی او مری نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران و جوانوں، بالخصوص ایس ایچ او پتریاٹہ اور زخمی سب انسپکٹر کی پیشہ ورانہ ذمہ داری، جرات اور ثابت قدمی کو سراہا۔ مری پولیس واضح کرتی ہے کہ شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون کی بالادستی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔