جتنے ووٹ اتنی نمائندگی،شاہد خاقان عباسی نے نیا انتخابی فارمولا دے دیا

موجودہ حلقہ جاتی انتخابی نظام کے باعث پڑھے لکھے اور اہل افراد کے لیے الیکشن لڑنا مشکل ہوگیا ہے۔

September 6, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے پاکستان میں موجودہ انتخابی نظام میں تبدیلی کی تجویز دیتے ہوئے متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات کرانے کی حمایت کردی۔

لاہور میں نیشنل ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حلقہ جاتی انتخابی نظام کے باعث پڑھے لکھے اور اہل افراد کے لیے الیکشن لڑنا مشکل ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں چھوٹی چھوٹی سیاسی بادشاہتیں قائم ہوچکی ہیں جبکہ انتخابات میں پیسے کا بے دریغ استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیراعظم نے تجویز دی کہ قومی سطح پر کسی سیاسی جماعت کو جتنے ووٹ حاصل ہوں، اسمبلی میں اسے اسی تناسب سے نشستیں دی جائیں۔

شاہد خاقان عباسی کے مطابق متناسب نمائندگی کے نظام سے عام طور پر مخلوط حکومتیں تشکیل پائیں گی اور ایسی حکومتیں ملک کے لیے بہتر ثابت ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو تہائی اکثریت رکھنے والی حکومتوں کے نتائج بھی سب کے سامنے ہیں، اس لیے انتخابی نظام میں ایسی تبدیلی کی ضرورت ہے جو زیادہ وسیع سیاسی نمائندگی کو یقینی بنائے۔