لاہور میں موسلا دھار بارش، 150 سے زائد لیسکو فیڈرز ٹرپ

کم طلب کے باعث لیسکو کے پاس تقریباً 1500 میگاواٹ اضافی بجلی دستیاب ہے، جبکہ نظام کو تقریباً 1700 میگاواٹ لوڈ پر آپریشنل رکھا گیا ہے۔

September 6, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: صوبائی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوگیا، جس کے نتیجے میں لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
بارش کے دوران مختلف علاقوں میں تکنیکی خرابیوں کے ساتھ ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، جس کے باعث شہریوں کو بجلی کی طویل بندش کا سامنا کرنا پڑا۔
لیسکو ذرائع کے مطابق بارش کے بعد متاثرہ فیڈرز کی بحالی اور تکنیکی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے متعلقہ ٹیمیں کام کر رہی ہیں، تاہم بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔
دوسری جانب بارش اور موسم میں خوشگوار تبدیلی کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق لیسکو کی بجلی کی طلب تقریباً 2050 میگاواٹ جبکہ فراہمی 3500 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کم طلب کے باعث لیسکو کے پاس تقریباً 1500 میگاواٹ اضافی بجلی دستیاب ہے، جبکہ نظام کو تقریباً 1700 میگاواٹ لوڈ پر آپریشنل رکھا گیا ہے۔
یوں ایک طرف بارش کے باعث تکنیکی خرابیوں سے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا سامنا ہے، جبکہ دوسری جانب مجموعی طور پر بجلی کی طلب میں کمی کے باعث سسٹم پر دباؤ بھی کم ہوگیا ہے۔