بلاول کا سہیل آفریدی کو لاڑکانہ میں خیرمقدم،فیصل کریم کنڈی بھی بول پڑے

چیئرمین پیپلز پارٹی اور جماعت نے مسلسل سیاسی اتحاد کی حمایت کی ہے اور گہرے سیاسی اختلافات کے باوجود مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے ہیں۔

September 6, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو لاڑکانہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے سندھ کے دورے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء کے شہر لاڑکانہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہمیں بالآخر برداشت، احترام اور باہمی بقائے باہمی کی سیاست کی طرف واپس آنا ہوگا، کیونکہ یہی کسی بھی جمہوریت کی بنیاد ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بلاول بھٹو کے خیرمقدم پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا حسن سیاست اور اظہارِ رائے کی آزادی، آزاد عدلیہ، عوامی مینڈیٹ کے احترام، خودمختار پارلیمنٹ اور آزاد صحافت میں ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی اور جماعت نے مسلسل سیاسی اتحاد کی حمایت کی ہے اور گہرے سیاسی اختلافات کے باوجود مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود برداشت، پختگی اور جمہوری بقائے باہمی کے عزم کی پاکستان کو آج اور ہمیشہ ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سندھ کے دورے پر ہیں، جبکہ دونوں رہنماؤں کے بیانات کو سیاسی اختلافات کے باوجود مکالمے، احترام اور جمہوری رواداری کے فروغ کے پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔