گھوٹکی میں قومی شاہراہ پر کار ٹرالر سے ٹکرا گئی،4 افراد جاں بحق
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جبکہ تمام افراد کا تعلق پنجاب کے علاقے احمد پور شرقیہ سے بتایا گیا ہے۔
فوٹو سوشل میڈیا فیس بک
گھوٹکی: قومی شاہراہ پر تیز رفتار کار بے قابو ہوکر ٹرالر سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک حادثہ گھوٹکی میں قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث کار ڈرائیور سے بے قابو ہوئی اور سامنے موجود ٹرالر سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار چاروں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جبکہ تمام افراد کا تعلق پنجاب کے علاقے احمد پور شرقیہ سے بتایا گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ ادارے موقع پر پہنچ گئے اور جاں بحق افراد کی میتیں ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ کار کی تیز رفتاری معلوم ہوتی ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے۔