سینئر صحافی بلال غوری لاپتہ، اہلخانہ کی تلاش کے لیے اپیل

بلال غوری کا پرس اور عینک دفتر میں موجود تھی جبکہ دفتر کی لائٹس اور پنکھے بھی چل رہے تھے

September 6, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: سینئر صحافی، کالم نگار اور تجزیہ کار بلال غوری کے لاپتہ ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے، جس کی تصدیق ان کے اہلخانہ کی جانب سے کی گئی ہے۔

اہلیہ کی جانب سے بلال غوری کے فیس بک اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ وہ گزشتہ رات تقریباً 2 بجے سے لاپتہ ہیں۔ اہلخانہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلال غوری کی جلد اور بحفاظت گھر واپسی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے۔

پیغام کے مطابق بلال غوری کا پرس اور عینک دفتر میں موجود تھی جبکہ دفتر کی لائٹس اور پنکھے بھی چل رہے تھے، تاہم ان کا موبائل فون وہاں موجود نہیں تھا اور بند پایا گیا۔

صحافی عمر چیمہ کے مطابق بلال غوری نے اپنے گھر کے گراؤنڈ فلور کو دفتر کے طور پر مختص کر رکھا ہے جبکہ اہلخانہ فرسٹ فلور پر رہائش پذیر ہیں۔ ان کے مطابق اہلخانہ کو اس وقت بلال غوری کی گمشدگی کا علم ہوا جب وہ گراؤنڈ فلور پر موجود نہیں تھے۔

عمر چیمہ کے مطابق بلال غوری کے قریبی عزیز شالیمار تھانے میں گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرانے پہنچے، جہاں پولیس نے درخواست وصول کرلی، تاہم تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

بلال غوری کی موجودہ صورتحال اور ان کے لاپتہ ہونے کے محرکات کے بارے میں فی الحال مزید معلومات سامنے نہیں آسکیں۔ اہلخانہ اور صحافتی حلقوں کی جانب سے ان کی جلد اور محفوظ واپسی کی اپیل کی گئی ہے۔