کراچی پریس کلب کی فیملی پکنک، صحافیوں اور اہل خانہ نے یادگار دن گزارا
بچوں، خواتین اور صحافیوں کی بڑی تعداد میں شرکت، سوئمنگ، واٹر رائیڈز، لانگ سلائیڈ اور دیگر تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور لطف اٹھایا.
فوٹو بشکریہ کراچی پریس کلب
کراچی:کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے وائلڈ وینچر واٹر پارک میں خصوصی فیملی پکنک کا انعقاد کیا گیا، جس میں کراچی پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پکنک کے موقع پر شرکاء نے روزمرہ کی انتہائی مصروف پیشہ ورانہ زندگی سے ہٹ کر ایک خوشگوار، پرجوش اور یادگار دن گزارا۔پکنک کے دوران بچوں اور نوجوانوں میں خصوصی جوش و خروش دیکھنے میں آیا، جنہوں نے سوئمنگ پولز، مختلف واٹر رائیڈز، لانگ سلائیڈ اور دیگر تفریحی سہولیات سے بھرپور لطف اٹھایا، جبکہ خواتین اور خاندان کے دیگر افراد نے بھی تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر کراچی پریس کلب کے ممبران، صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے ایک دوسرے کے ساتھ گھل مل کر وقت گزارا، جس سے پکنک کا ماحول مزید خوشگوار اور دوستانہ ہوگیا۔ بچوں کی کھیل کود، واٹر رائیڈز اور دیگر سرگرمیوں نے دن بھر رونق قائم رکھی۔
پکنک میں شریک صحافیوں نے کہا کہ صحافت ایک مشکل، حساس اور انتہائی مصروف پیشہ ہے۔ نیوز کوریج، فیلڈ ڈیوٹی، دفتری امور اور مسلسل پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث صحافیوں کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے اور تفریح کے مواقع کم ہی میسر آتے ہیں۔ ایسے میں کراچی پریس کلب کی جانب سے فیملی پکنک کا انعقاد نہ صرف خوش آئند بلکہ صحت مند اور مثبت سرگرمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں صحافیوں کے لیے تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہیں جو ذہنی تھکن، دباؤ اور روزمرہ کی مصروفیات سے وقتی نجات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اہل خانہ کے ساتھ قیمتی وقت گزارنے کا موقع دیتی ہیں۔ پکنک نے صحافی برادری کے درمیان باہمی رابطوں، محبت، بھائی چارے اور خاندانی تعلقات کو بھی مزید مضبوط کیا۔
کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکرٹری اسلم خان نے کہا کہ ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے تفریحی، صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کا انعقاد کراچی پریس کلب کی دیرینہ روایات کا حصہ ہے۔ صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے دن رات مصروف رہتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں ذہنی سکون، تفریح اور اہل خانہ کے ساتھ معیاری وقت گزارنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب اپنے ممبران کو صرف ایک پیشہ ورانہ پلیٹ فارم نہیں بلکہ ایک خاندان کی حیثیت سے دیکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ممبران اور ان کے اہل خانہ کو ایک ساتھ تفریحی اور صحت مند سرگرمیوں میں شریک کرنے کے لیے مختلف پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ پکنک میں ممبران اور ان کے اہل خانہ خصوصاً بچوں کے چہروں پر خوشی اور مسکراہٹ دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے، آئندہ بھی ممبران کی فلاح و بہبود، تفریح اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے۔
وائلڈ وینچر واٹر پارک کے روح رواں قادر بخش کلمتی نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے صحافی ہمارے معاشرے کا اہم اور ذمہ دار طبقہ ہیں، جو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے دن رات مصروف رہتے ہیں۔ صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو خوشگوار ماحول میں کچھ وقت تفریح اور خوشی کے ساتھ گزارنے کا موقع فراہم کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ وائلڈ وینچر واٹر پارک کے دروازے کراچی پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ہماری کوشش رہی کہ پکنک میں شریک ہر فرد، خصوصاً بچوں اور خواتین کو بہترین ماحول، معیاری تفریح اور بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں۔
قادر بخش کلمتی نے کراچی پریس کلب کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ساتھ ہمارا تعلق محض ایک پروگرام تک محدود نہیں، بلکہ ہم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ مستقبل میں بھی کراچی پریس کلب کے لیے اسی جذبے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے چہروں پر خوشی اور خاندانوں کو ایک ساتھ تفریح کرتے دیکھنا ہمارے لیے سب سے بڑا اطمینان ہے۔
صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی نے وائلڈ وینچر واٹر پارک کے روح رواں قادر بخش کلمتی کی جانب سے پکنک کے انعقاد میں بھرپور تعاون اور بہترین میزبانی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قادر بخش کلمتی اور ان کی ٹیم کے تعاون سے پکنک کے شرکاء کو بہترین ماحول اور تفریحی سہولیات میسر آئیں۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کی جانب سے قادر بخش کلمتی کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
فاضل جمیلی اور اسلم خان نے پکنک کے انتظامات کے لیے تشکیل دی گئی مختلف کمیٹیوں کے ارکان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام ذمہ داران نے اپنی ذمہ داریاں محنت، جذبے اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام دیں، جس کے باعث پروگرام خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔
شرکا نے کراچی پریس کلب کی انتظامیہ اور پکنک کے انچارج فاروق سمیع کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے انتظامات انتہائی قابل تعریف تھے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں، ان کے بچوں اور اہل خانہ کا ایک ہی مقام پر اس طرح جمع ہونا ایک خوبصورت اور یادگار تجربہ تھا۔ پکنک نے جہاں بھرپور تفریح فراہم کی، وہیں باہمی تعلقات، بھائی چارے اور خاندانی وابستگی کو بھی مزید مضبوط کیا۔
پکنک کے موقع پر وائلڈ وینچر واٹر پارک میں شرکا کی سہولت، سiکیورٹی، طبی امداد اور دیگر انتظامات کا بھی خصوصی خیال رکھا گیا۔ ممبران اور ان کے اہل خانہ نے سوئمنگ پولز، واٹر رائیڈز، لانگ سلائیڈ سمیت مختلف سہولیات سے استفادہ کیا، جبکہ بچوں نے دن بھر کھیل کود اور تفریح میں بھرپور حصہ لیا۔
اس موقع پر کراچی پریس کلب کے نائب صدر ارشاد کھوکھر، خازن عمران ایوب، جوائنٹ سیکریٹری فاروق سمیع، ممبران گورننگ باڈی عبدالجبار ناصر، اختر سومرو، شیما صدیقی، فریال عارف، فرید عالم، جاوید مہر، جاوید صبا سمیت سینئر صحافیوں، پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔