حماد اظہر کو حراست میں لینے کے باوجود گرفتاری نہ ڈالی گئی- بازیابی کی درخواست دائر
پولیس حکام کا قانونی حیثیت کا جائزہ لینے کا دعویٰ۔ والدہ لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئیں
سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر گرفتار
پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہار کو ملتان سے گرفتار کیے جانے کے باوجود ان کی گرفتاری کا اندراج نہیں ہوسکا جس کے بعد ان کی بازیابی کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔*
پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کے خلاف 9 مئی اور اس کے بعد 2 مقدمات درج ہیں، حماد اظہر لاہور سمیت 2 مختلف شہروں کی پولیس کو مطلوب تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے حماد اظہر کی گرفتاری اور مقدمات کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے، حماد اظہر کے مقدمات کی دستاویزات تیار کر کے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حماد اظہر کو اتوار کے روز ملتان سے گرفتار کر کے لاہور پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
ادھر حماد اظہر کی والدہ عشر اظہر نے لاہور ہائیکورٹ میں حماد اظہر کی بازیابی کے لیے درخواست کر دی ہے۔ عشر اظہر کی دائر کردہ درخواست میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ حماد اظہر تاحال لاپتہ ہے، حماد اظہر کی گرفتاری سے متعلق پولیس تصدیق نہیں کر رہی ہے۔ حماد اظہر کی والدہ نے درخواست کی ہے کہ عدالت حماد اظہر کی بازیابی کا حکم جاری کرے۔
9 مئی کے واقعات کے سلسلہ میں حماد اظہر پر 5 سے زائد مقدمات درج ہیں اور وہ 2023 سے روپوش تھے جبکہ عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا ہوا تھا۔