ہمیں قتل کرنے کے لیے شوٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے،مومنہ اقبال کے شوہر کے سنگین الزامات
ثاقب چدھڑ کو اس کے کرتوتوں کی سزا ضرور ملے گی، حمزہ حبیب
فائل فوٹو
لاہور: اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب نے مسلم لیگ ن کے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ پر سنگین نوعیت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جان سے مارنے کے لیے شوٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
حمزہ حبیب نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ کو ہراساں کرنے والا شخص قرار دیا اور لکھا کہ لوگوں کو اپنے حق میں کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد اب انہیں قتل کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، تاہم جان چلی جائے گی مگر ثاقب چدھڑ کو اس کے کرتوتوں کی سزا ضرور ملے گی۔
واضح رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے رکنِ اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان جاری یہ تنازع پہلے ہی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں زیرِ تفتیش ہے۔ اس تنازع میں آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے سنگین الزامات شامل ہیں، اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف مختلف شکایات درج کرائی گئی ہیں۔
اس سے قبل مومنہ اقبال کی جانب سے ثاقب چدھڑ پر آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ کے الزامات عائد کیے جانے پر ای سی سی آئی اے نے پیکا اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت رکنِ اسمبلی کے خلاف مقدمہ بھی درج کر رکھا ہے۔