پنڈی بھٹیاں: گھریلو تنازع پر سفاک شخص نے سوتیلی ماں اور 2 بچوں کو قتل کر دیا

ملزم ابوتجانہ کا گھر میں معمولی بات پر جھگڑا ہوا،طیش میں آ کر اس نے بے دریغ فائرنگ کر دی۔

September 7, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پنڈی بھٹیاں: سکھیکی منڈی کے علاقے میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 22 سالہ نوجوان نے گھریلو تنازع پر فائرنگ کر کے اپنی سوتیلی ماں اور دو معصوم بہن بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سکھیکی منڈی کے محلے فاروق اعظم میں پیش آیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم ابوتجانہ کا گھر میں معمولی بات پر جھگڑا ہوا، جس پر طیش میں آ کر اس نے بے دریغ فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 40 سالہ نذیراں بی بی، 9 سالہ چاند حسن اور 8 سالہ حرصم فاطمہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔