رحیم یارخان: پرنس بہاول عباس خان عباسی نے بہاولپور صوبہ بحالی کے لیے بھرپور سیاسی و عوامی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنس عباس خان عباسی کا کہنا تھا کہ بہاولپور صوبہ بحالی کی جدوجہد نئی نہیں بلکہ یہ آباؤ اجداد کے دور سے جاری ہے، تاہم موجودہ حالات میں اس مطالبے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور یہ ناگزیر ہوچکا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بہاولپور کو کسی دوسرے انتظامی یونٹ میں ضم کرنے کے بجائے الگ صوبہ بنایا جائے، مجوزہ بہاولپور صوبہ لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ مساوات، انصاف اور عوامی فلاح کے اصولوں پر قائم ہوگا، جہاں امیر اور غریب سب کو مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہوں گے۔
پرنس خان عباسی کا کہنا تھا کہ بہاولپور صوبہ ختم ہونے سے سب سے زیادہ نقصان غریب عوام اور عباسی خاندان کو ہوا، جبکہ ماضی میں بہاولپور صوبہ بحالی کی آواز دبانے کے لیے سیاسی رکاوٹیں بھی کھڑی کی جاتی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی جانب سے نواب صادق خان عباسی کو گورنر جنرل بننے کی پیشکش کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ریاست بہاولپور کی تاریخی اہمیت کی عکاس ہے۔
پرنس بہاول کا کہنا تھا کہ ریاست بہاولپور کی قیادت نے ہمیشہ اصولوں اور قومی مفاد کو ترجیح دی اور پاکستان کے لیے ریاست بہاولپور کی خدمات و قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بہاولپور صوبہ بحالی تحریک کو جدید تقاضوں کے مطابق منظم کیا جائے گا اور عوام کا جائز حق دلانے کے لیے یہ معاملہ ہر فورم پر اٹھایا جائے گا۔