اسلام آباد کے جی نائن میں این سی سی آئی اے کا چھاپہ،کال سینٹر خالی ملا

مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع پر کارروائی، ملحقہ دفتر کی فرانزک جانچ بھی مکمل

September 7, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن میں مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے چھاپہ مارا اور انسپکشن کی۔

این سی سی آئی اے نے سورس رپورٹ کی بنیاد پر جی نائن میں واقع برن کال سینٹر کے دفتر کی تلاشی لی، تاہم دفتر مکمل طور پر خالی پایا گیا، جہاں نہ عملہ موجود تھا اور نہ ہی کوئی آپریشنل سامان موجود تھا۔

ذرائع کے مطابق شبہ ہے کہ این سی سی آئی اے کی حالیہ کارروائیوں کے بعد کال سینٹر کا دفتر خالی کیا گیا۔

این سی سی آئی اے کی فرانزک ٹیم نے ملحقہ دفتر بلیو اسکائی فنانشل سروسز کو بھی چیک کیا اور وہاں موجود ڈیجیٹل آلات اور سسٹمز کا جائزہ لیا۔

فرانزک جانچ پڑتال کے دوران بلیو اسکائی فنانشل سروسز میں کسی غیر قانونی سرگرمی کے شواہد نہیں ملے، جبکہ فرانزک جانچ میں کمپنی کی سرگرمیاں جائز اور قانونی نوعیت کی پائی گئیں۔

این سی سی آئی اے کی کارروائی سورس رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی، جبکہ ڈیجیٹل شواہد کی بھی تصدیق کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں این سی سی آئی اے کے چھاپے سے پہلے کال سینٹر کا عملہ دفتر چھوڑ گیا تھا۔