پاک بحریہ نے ہر چیلنج میں ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا، محسن نقوی

یوم بحریہ پاک بحریہ کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قومی دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے

September 8, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے شہداء، غازیوں اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے سمندری دفاع میں پاک بحریہ کی قربانیاں اور خدمات قابلِ فخر ہیں۔

اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ یوم بحریہ پاک بحریہ کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قومی دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ قوم پاک بحریہ کے تمام جانبازوں کی خدمات اور شجاعت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق 8 ستمبر 1965ء پاک بحریہ کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جب آپریشن دوارکا کے دوران بحری افواج نے بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو مؤثر جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک بحریہ نے سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور قومی تاریخ میں ایک نمایاں باب رقم کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حالیہ معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ مکمل طور پر چوکس اور تیار رہی، جس کے باعث دشمن کراچی سمیت پاکستانی ساحلی علاقوں کے خلاف کسی بڑی کارروائی کی ہمت نہ کرسکا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی سمندری حدود کی حفاظت کرنے والی پاک بحریہ پر پوری قوم کو فخر ہے۔ شہداء کی قربانیاں قومی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ نے مختلف ادوار میں آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے ملکی دفاع کو مزید مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاک بحریہ کی جدید صلاحیتیں اور بلند پیشہ ورانہ معیار قابلِ تحسین ہیں۔

محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اپنے بہادر شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں اور خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔