پی ٹی اے کا جعلی کوریئر پیغامات اور مشکوک لنکس سے متعلق اہم الرٹ
ایسے پیغامات کے ذریعے شہریوں سے یک وقتی تصدیقی کوڈ، ذاتی معلومات یا مالی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جاسکتی ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے شہریوں کو جعلی کوریئر پیغامات، مشکوک روابط اور آن لائن فراڈ سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق جعلساز معروف کوریئر کمپنیوں کے نام استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو جعلی پیغامات یا برقی خطوط بھیجتے ہیں۔ ان پیغامات میں عموماً کسی سامان کی ترسیل، اضافی فیس یا ادائیگی سے متعلق معلومات فراہم کرکے صارف کو مشکوک رابطے پر جانے کے لیے کہا جاتا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ایسے پیغامات کے ذریعے شہریوں سے یک وقتی تصدیقی کوڈ، ذاتی معلومات یا مالی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جاسکتی ہے۔
پی ٹی اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی غیرمصدقہ پیغام میں موجود مشکوک رابطے پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اسے دوسرے افراد کو بھیجیں۔ کسی پیغام کی تصدیق کیے بغیر ذاتی یا مالی معلومات فراہم کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔
اتھارٹی نے موبائل صارفین کو غیرملکی سموں کے غیرقانونی استعمال سے بھی خبردار کیا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق غیرملکی سموں کی غیرقانونی خرید و فروخت اور استعمال سے شہریوں کی ذاتی و مالی معلومات خطرے میں پڑ سکتی ہیں، جبکہ قانونی مشکلات کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ موبائل سم صرف مجاز فرنچائز یا رجسٹرڈ مرکز سے خریدیں اور اس بات کی تصدیق کریں کہ سم انہی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
اتھارٹی کے مطابق ڈیجیٹل فراڈ سے محفوظ رہنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کسی بھی مشکوک پیغام، رابطے یا غیرمصدقہ درخواست پر فوری ردعمل دینے کے بجائے پہلے اس کی مستند ذرائع سے تصدیق کی جائے۔