مریم نواز کا پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین

پاک بحریہ نے مختلف مواقع پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی دفاع کو مضبوط بنایا۔

September 8, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ملکی سمندری حدود کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز نے پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے مختلف مواقع پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی دفاع کو مضبوط بنایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق 8 ستمبر پاک بحریہ کی تاریخ میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اس روز انجام دی گئی تاریخی کارروائی نے بحری محاذ پر پاکستان کی صلاحیتوں کا اظہار کیا، جبکہ آبدوز غازی کی موجودگی نے بھی بحری جنگ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پاک بحریہ کی ذمہ داریاں صرف سمندری حدود کی حفاظت تک محدود نہیں بلکہ ملکی بحری تجارت کے تحفظ میں بھی اس کا اہم کردار ہے۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستانی پرچم بردار تجارتی جہازوں کی بلا تعطل آمدورفت برقرار رکھنے کے لیے پاک بحریہ کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ اپنی عوامی خدمات اور مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کے ذریعے بحری سفارت کاری میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ جدید آبدوزوں، کروز اور بیلسٹک میزائلوں سمیت جدید بحری وسائل نے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ پاک بحریہ آئندہ بھی اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کے دفاع، سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے اسی جذبے، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ خدمات انجام دیتی رہے۔