اڈیالہ جیل کے اطراف نیا سیکیورٹی پلان نافذ، 435 اہلکار تعینات

نئے انتظامات کے تحت ضلعی پولیس کے علاوہ ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور رائٹ مینجمنٹ کے اہلکار بھی سیکیورٹی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

September 8, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے نیا سیکیورٹی پلان نافذ کردیا گیا ہے، جو تاحکم ثانی جاری رہے گا۔

ذرائع کے مطابق جیل کے اطراف مختلف مقامات پر مزید پولیس ناکے قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے مجموعی طور پر 435 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

نئے انتظامات کے تحت ضلعی پولیس کے علاوہ ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور رائٹ مینجمنٹ کے اہلکار بھی سیکیورٹی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ داہگل سے گورکھپور تک کے علاقے میں موجود پٹرول پمپس، ہوٹلز، دکانوں اور کمروں کو بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جیل کے اطراف قائم پولیس ناکوں کے ذریعے آمدورفت اور سیکیورٹی صورتحال کی نگرانی کی جائے گی۔

سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی ایس پی صدر اور انچارج ڈی ایس پی صدر کریں گے۔ حکام کے مطابق نیا سیکیورٹی پلان آج سے تاحکم ثانی نافذ العمل رہے گا۔