کراچی؛گزشتہ 24گھنٹوں میں آتشزدگی کا تیسرا واقعہ، صدر کریم سینٹر میں بھی آگ لگ گئی
اطلاع ملتے ہی آگ پر قابو پانے کے لیے دو فائر ٹینڈرز موقع پر روانہ کیے گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
فوٹو سوشل میڈیا ایکس
کراچی: شہر قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آتشزدگی کے تیسرے واقعے میں صدر کے علاقے میں واقع کریم سینٹر میں آگ بھڑک اٹھی۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی آگ پر قابو پانے کے لیے دو فائر ٹینڈرز موقع پر روانہ کیے گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
اس سے قبل آج صبح ایم اے جناح روڈ پر واقع کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی عمارت میں بھی آگ لگ گئی تھی۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی میئر کراچی کے دفتر سے متصل کچن میں ہوئی، جس کے نتیجے میں دفتر کو شدید نقصان پہنچا اور وہ مکمل طور پر جل گیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
کراچی میں گزشتہ روز بھی آتشزدگی کا ایک بڑا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں لانڈھی پروسیسنگ زون میں واقع کپڑے کی فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ آتشزدگی کے باعث فیکٹری میں موجود سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا جبکہ ریسکیو حکام نے متاثرہ عمارت کو مخدوش قرار دیا تھا۔
مسلسل تین بڑے آتشزدگی کے واقعات کے بعد شہر میں فائر سیفٹی کے انتظامات اور عمارتوں میں حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کاروباری مراکز اور صنعتی علاقوں میں آگ سے بچاؤ کے مؤثر انتظامات اور حفاظتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔