نجی ٹی وی ڈرامے نے شرعی اصولوں پر سوالات اٹھادیئے۔ ناظرین کا شدید ردعمل

ازدواجی زندگی کو مغربی طرزپر لانے کی کوشش قرار

September 8, 2026 · امت خاص
تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے ڈرامے ’آپ کی عزت‘ کی تازہ قسط نے سوشل میڈیا اور ناظرین میں بحث چھیڑ دی ہے۔ قسط میں میاں بیوی کے کرداروں کے درمیان تھانے میں ہونے والا مکالمہ خاص طور پر ردعمل کا باعث بنا، جہاں بیوی نے شوہر کی دوسری شادی کی تیاری پر سخت جواب دیا۔

ڈرامے میں تابش (احسن خان) اور بینا (عروہ حسین) 14 سالہ پسند کی شادی کے بعد دکھائے گئے ہیں۔ کہانی کے مطابق تابش نے بینا کو بتائے بغیر ’ناز‘ نامی عورت سے تعلق قائم کیا اور دوسری شادی کی تیاری کر لی۔ اسی دن بینا گھر چھوڑ کر ایک سبزی فروش کے ساتھ چلی گئیں۔ دونوں کو تھانے لایا گیا، جہاں تابش نے بینا سے اس قدم پر سوال کیا۔

تھانے کے سین میں تابش نے دین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مرد ہے اس لیے ایسا کر سکتا ہے، جبکہ بینا باکردار عورت ہونے کے ناطے ایسا نہیں کر سکتی۔ بینا کے جواب میں کہا گیا: ’کیا ہو گیا ہے مجھے؟ کہیں میں تمہارے جیسی تو نہیں ہو گئی۔ تم سے ہی تو سیکھتی ہوں سب کچھ۔ یہ جو دیکھ کر بہت گھبراہٹ ہو رہی ہے، تمہارا ہی تو عکس ہوں۔ یہ بےحیائی، یہ خودغرضی۔ دین تمہیں حق دیتا ہے کہ تم بےحیائی کرو… یہ دین نہیں کہتا۔ یہ تمہاری خودغرضی کہتی ہے، تمہاری بےشرمی کہتی ہے۔‘

ڈائریکٹر سیفی حسن کے مطابق انہیں اندازہ تھا کہ ڈرامہ خواتین میں مقبول ہوگا، لیکن رسپانس ان کی توقع سے زیادہ تھا۔ کچھ ناظرین نے بینا کے مکالموں کو پسند کیا اور انہیں مظلوم کی بجائے جرأت مندانہ ردعمل قرار دیا، جبکہ دوسروں نے تنقید کی کہ ڈرامہ نکاح اور خاندانی نظام کی اسلامی تعلیمات کا مذاق اڑا رہا ہے اور مرد کی شرعی اجازت (چار تک شادیاں) کو غلط کاری کا جواز بنا کر پیش کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے سوال اٹھایا کہ جب تک تابش بغیر نکاح کے دوسری عورت سے بات کر رہا تھا بینا خاموش رہی، لیکن نکاح کی تیاری پر وہ بھاگ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بجائے گھر میں رہ کر آواز اٹھانا یا خلع کا راستہ اختیار کرنا آسان تھا۔ ناظرین کا یہ بھی کہناہے کہ اسلام نے عورت کی کفالت مرد کے ذمے رکھی ہے اور خلع کا اختیار بھی دیا ہے، مغربی طرز کی برابری کو خاندانی نظام پر سوال اٹھانے کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔

ڈرامے میں فلیش بیکس کے ذریعے بینا کو وفادار بیوی کے طور پر دکھایا گیا ہے جو مشکلات میں شوہر کے ساتھ کھڑی رہی، لیکن حالیہ قسط میں ردعمل نے کہانی کا رخ بدل دیا۔ دعوے کے مطابق قسط مقبول ہوئی، تاہم کچھ حلقوں نے اسے اسلام کے دیے گئے خاندانی اصولوں کو نشانہ بنانے کی کوشش قرار دیا۔