ٹھٹھہ : ٹریکٹر ٹرالی بجلی کے تار سے ٹکرا گئی،6 افراد جاں بحق،15 زخمی 

بجلی کے تار ٹرالی سے چھونے کے باعث ٹریکٹر پر سوار افراد کو شدید کرنٹ لگا۔

September 8, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ٹھٹھہ : ٹھٹھہ کے قریب پیر گوٹھ میں بجلی کی تار سے ٹریکٹر ٹرالی ٹکرا گئی، جس پر سوار خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق، 15زخمی ہوگئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ملاح برادری سے تعلق رکھنے والے محنت کش، مختلف زمینوں پر کام کرنے کے بعد چاول کی گھاس سے بھری ٹریکٹر ٹرالی پر سوار ہوکر اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے کہ پیر گوٹھ کے قریب ٹرالی بجلی کے تار سے ٹکرا گئی۔

بجلی کے تار ٹرالی سے چھونے کے باعث ٹریکٹر پر سوار افراد کو شدید کرنٹ لگا۔ حادثے کے نتیجے میں الله ڈنو ملاح، سکندر ملاح، فریدہ، مختار ملاح، حنیف ملاح اور نازیہ جاں بحق ہوگئے، جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔

زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جنہیں مزید طبی امداد کے لیے کراچی ریفر کیا جا رہا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں کو سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کیا۔

حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد ملاح برادری سے تعلق رکھتے تھے اور محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتے تھے۔ واقعے کی خبر علاقے میں پہنچتے ہی کہرام مچ گیا، جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین غم سے نڈھال ہوگئے۔