آیت نور کی تدفین کے 14 دن بعد والدین کے ہاں ایک اور آیت نور کی پیدائش

ہری پور کی معصوم بچی کو ظلم کے بعد قتل کرکے لاش کنویں میں ڈال دی گئی تھی

September 8, 2026 · امت خاص, قومی

ہری پور کی پٹھان کالونی میں زیادتی اور بہیمانہ قتل کا شکار بننے والی پانچ سالہ معصوم آیت نور کے لرزہ خیز سانحے کے بعد سوگوار خاندان کو قدرت نے صبر اور امید کا نیا سہارا عطا کر دیا۔ بچی کی تدفین اور نمازِ جنازہ کے محض 14 دن بعد مقتولہ کے والد شفیق کے ہاں ایک اور بیٹی کی ولادت ہوئی ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق نوزائیدہ بچی اور والدہ دونوں مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ انتہائی دکھ اور کرب کے لمحات سے گزرنے والے والدین نے اعلان کیا ہے کہ وہ نو مولود بیٹی کا نام بھی اپنی مقتولہ لختِ جگر کی یاد میں آیت نور ہی رکھیں گے، تاکہ اس کا نام اور یاد ہمیشہ گھر میں زندہ رہے۔

واضح رہے کہ ہری پور کی پٹھان کالونی سے چند ہفتے قبل پانچ سالہ آیت نور پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی تھی، جس کے بعد اس کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات اور رپورٹوں میں بچی کو اغوا کے بعد مبینہ زیادتی اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کی تصدیق ہوئی تھی، جس پر ملک بھر میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور مجرمان کو نشانِ عبرت بنانے کے لیے پرزور مطالبات کیے جا رہے ہیں۔

حالیہ دنوں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایک خاتوں پولیس افسر نے تحقیقات کے دوران آیت نور کی والدہ سے نازیبا زبان استعمال کی تھی۔