بلاول بھٹو کا محسن نقوی کے بیان پر قومی اسمبلی میں بحث کا مطالبہ
ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل کا حل نئے صوبے بنانا نہیں بلکہ جمہوریت اور عوامی طاقت کو مضبوط کرنا ہے۔
فائل فوٹو
لندن: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ’سسٹم فیل‘ ہونے سے متعلق بیان پر قومی اسمبلی میں بحث کرانے کا مطالبہ کردیا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل کا حل نئے صوبے بنانا نہیں بلکہ جمہوریت اور عوامی طاقت کو مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام اور منتخب نمائندوں کی رائے کو اہمیت دیتی ہے، اسی لیے پنجاب اور سندھ اسمبلیوں میں نئے صوبوں سے متعلق متفقہ قراردادیں بھی منظور کی گئی ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کے مستقبل کے فیصلے چند کاروباری افراد کے ہاتھ میں نہیں ہونے چاہئیں، بلکہ عوام اور منتخب نمائندوں کی رائے کو فیصلہ سازی میں بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا کہ محسن نقوی کے سسٹم فیل ہونے سے متعلق بیان پر قومی اسمبلی میں باقاعدہ بحث کرائی جائے تاکہ معاملے پر پارلیمان میں تفصیلی گفتگو ہوسکے۔