پنشن کی ادائیگی اب صرف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہوگی،نوٹیفکیشن جاری

پنشنرز کو ہر چھ ماہ بعد نادرا کے ذریعے اپنی ڈیجیٹل تصدیق مکمل کرانا ہوگی۔ یہ عمل نادرا پاک آئی ڈی ایپ یا مجاز نادرا مراکز کے ذریعے کیا جاسکے گا۔

September 9, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

وزارت خزانہ نے پنشنرز کے لیے پنشن کی ادائیگی سے متعلق نئے قواعد کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت آئندہ پنشن کی ادائیگی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائے گی۔

نئے ضوابط کے مطابق پنشنرز کو ہر چھ ماہ بعد نادرا کے ذریعے اپنی ڈیجیٹل تصدیق مکمل کرانا ہوگی۔ یہ عمل نادرا پاک آئی ڈی ایپ یا مجاز نادرا مراکز کے ذریعے کیا جاسکے گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق پنشن کی تصدیق کے لیے رائج کاغذی طریقہ کار ختم کردیا گیا ہے اور پنشن براہ راست متعلقہ پنشنر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ اس کے ساتھ مارچ اور ستمبر میں تصدیق کرانے کا سابقہ مقررہ شیڈول بھی ختم کردیا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت بینک پنشنرز سے الگ سے بائیومیٹرک تصدیق یا زندگی کا سرٹیفکیٹ طلب نہیں کریں گے جبکہ پنشن اکاؤنٹ کو غیر فعال بھی نہیں کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق اگر پنشنر چھ ماہ کے اندر ڈیجیٹل تصدیق مکمل نہ کرے تو پنشن کی منتقلی عارضی طور پر روک دی جائے گی۔ تاہم تصدیق مکمل ہوتے ہی پنشن کی رقم دوبارہ منتقل کردی جائے گی۔