رجب بٹ نے سابق اہلیہ ایمان اسد کو پھر قانونی نوٹس بھجوا دیا
نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایمان اسد کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے والے تبصرے، ویڈیوز اور ریلز رجب بٹ کو بدنام کرنے کی غرض سے نشر کیے گئے
فائل فوٹو
معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی سابق اہلیہ ایمان اسد کو ایک بار پھر ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس بھجوا دیا، جس پر ایمان اسد کے وکیل کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
ایمان اسد کے وکیل کے مطابق ان کی موکلہ کو موصول ہونے والے نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایمان اسد کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے والے تبصرے، ویڈیوز اور ریلز رجب بٹ کو بدنام کرنے کی غرض سے نشر کیے گئے۔
وکیل نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قانونی نوٹس کے ساتھ دعوؤں کے حق میں کوئی قابلِ ذکر ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔
ان کے مطابق نوٹس کا جواب جمع کرا دیا گیا ہے اور رجب بٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے الزامات کی حمایت میں شواہد پیش کریں۔
ایمان اسد کے وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ قانونی نوٹس کا مقصد ان کی موکلہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنا ہے۔
واضح رہے کہ رجب بٹ اور ایمان اسد کی علیحدگی کے بعد دونوں سے متعلق مختلف معاملات سوشل میڈیا پر مسلسل زیرِ بحث رہے ہیں۔ تازہ قانونی نوٹس کے بعد یہ معاملہ ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔