اسلام آباد میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکم ثانی پابندی
پابندی ان ڈور اور آؤٹ ڈور دونوں طرح کے شیشہ کیفے پر لاگو ہوگی اور کسی بھی اجازت نامے یا این او سی کے حامل کیفے کو بھی شیشہ پیش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی
فائل فوٹو
اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکم ثانی مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ پابندی کا اطلاق ان کیفے پر بھی ہوگا جن کے پاس متعلقہ اجازت نامہ موجود ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں شیشہ کیفے کے خلاف عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انتظامیہ کے مطابق پابندی ان ڈور اور آؤٹ ڈور دونوں طرح کے شیشہ کیفے پر لاگو ہوگی اور کسی بھی اجازت نامے یا این او سی کے حامل کیفے کو بھی شیشہ پیش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے کیفے کو سیل کرنے کے ساتھ مالک کے خلاف قانونی کارروائی اور مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
مقامی رہائشیوں نے انتظامیہ کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شیشہ کیفے کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ممکن ہوسکے۔
ماہرین صحت کے مطابق شیشہ سگریٹ کا محفوظ متبادل نہیں، کیونکہ شیشہ نوشی کے دوران صارف کو کاربن مونو آکسائیڈ سمیت مختلف نقصان دہ کیمیکلز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ہی نلکے کے متعدد افراد کے استعمال سے مختلف انفیکشنز کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے نوجوانوں میں ویپنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق ویپنگ کو بعض افراد کم نقصان دہ سمجھتے ہیں، تاہم اس میں نکوٹین اور دیگر مضر اجزا شامل ہوسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ قانون پر عملدرآمد کے ساتھ نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مؤثر مہمات بھی ضروری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں آئندہ بھی کارروائیاں جاری رہیں گی اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔