نئے صوبوں کے لیے ریفرنڈم کرایا جائے:بیرسٹر سیف

موجودہ اسمبلیاں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں اور عوامی اعتماد کے حوالے سے ان کی حیثیت متاثر ہوئی ہے۔

September 9, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور مؤثر بلدیاتی نظام کو ناگزیر قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عوام کی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق موجودہ اسمبلیاں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں اور عوامی اعتماد کے حوالے سے ان کی حیثیت متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کے سیاسی نظام پر چند خاندانوں کا غلبہ ہے اور سیاسی طبقہ اپنے مفادات کو عوامی مسائل پر ترجیح دے رہا ہے۔

بیرسٹر سیف نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب اربوں روپے مالیت کی بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں انتظامی اور سیاسی نظام میں بنیادی اصلاحات لائی جائیں تاکہ عوام کو بہتر حکمرانی اور مؤثر مقامی نمائندگی فراہم کی جاسکے۔