ڈیزل مہنگا، گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرائے 10 فیصد بڑھا دیے
ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد گاڑیوں کے اخراجات بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ کرنا ان کی مجبوری بن گیا ہے۔گڈز ٹرانسپورٹرز
فائل فوٹو
فیصل آباد: ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد مال برداری کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث فیصل آباد کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے مختلف روٹس کے کرایوں میں تقریباً 10 فیصد اضافہ کردیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کی جانب سے نئے کرایوں کے مطابق فیصل آباد سے جھنگ تک مال برداری کا کرایہ 13 ہزار روپے سے بڑھا کر 14 ہزار 300 روپے مقرر کردیا گیا ہے۔
اسی طرح فیصل آباد سے لاہور کا کرایہ 18 ہزار 400 روپے سے بڑھ کر 21 ہزار 300 روپے، کراچی کا کرایہ 70 ہزار 200 روپے سے بڑھ کر 78 ہزار روپے جبکہ ملتان کا کرایہ 20 ہزار 300 روپے سے بڑھا کر 22 ہزار 350 روپے کردیا گیا ہے۔
فیصل آباد سے پشاور کے لیے مال برداری کا کرایہ بھی 61 ہزار 600 روپے سے بڑھ کر 68 ہزار 400 روپے ہوگیا ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد گاڑیوں کے اخراجات بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ کرنا ان کی مجبوری بن گیا ہے۔