حافظ نعیم کا حکومت کو پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا الٹی میٹم

جماعت اسلامی کے 32 مقامات پر دھرنے 25 روز سے جاری ہیں، جبکہ حکومت نے مذاکرات کے لیے مزید 3 دن کا وقت مانگا ہے۔

September 9, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کیے جانے کی صورت میں حکومت کے خلاف اسلام آباد لانگ مارچ کرنے کا اعلان کرنے کا عندیہ دے دیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو احتجاجی جدوجہد مزید وسیع کی جائے گی۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کے 32 مقامات پر دھرنے 25 روز سے جاری ہیں، جبکہ حکومت نے مذاکرات کے لیے مزید 3 دن کا وقت مانگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کا تعلق عالمی منڈی کی قیمتوں سے نہیں بلکہ حکومتی پالیسیوں اور نااہلی سے ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران عوام سے پٹرولیم لیوی کی مد میں 1567 ارب روپے وصول کیے گئے۔
امیر جماعت اسلامی نے خبردار کیا کہ اگر پٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں۔ 10 ستمبر کو حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو اسلام آباد لانگ مارچ کی کال دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بنیادی سہولیات کی صورتحال تشویشناک ہے اور مختلف شعبوں میں مافیاز کا اثر موجود ہے۔ ان کے مطابق عوام کو حقیقی ریلیف دیے بغیر ملکی معاشی صورتحال میں پائیدار بہتری لانا مشکل ہوگا۔