غیر معیاری کاسمیٹکس پر پابندی کا بل منظور، خلاف ورزی پر 7 سال قید اور 1 کروڑ جرمانہ ہوگا

سینیٹ کمیٹی نے غیر معیاری کاسمیٹکس بل منظور کر لیا، خلاف ورزی پر کڑی سزائیں دی جائیں گی۔

September 9, 2026 · قومی
غیر معیاری کاسمیٹکس پر پابندی کا بل منظور، خلاف ورزی پر 7 سال قید اور 1 کروڑ جرمانہ ہوگا

غیر معیاری کاسمیٹکس پر پابندی کا بل منظور، خلاف ورزی پر 7 سال قید اور 1 کروڑ جرمانہ ہوگا

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے غیر معیاری کاسمیٹکس پر پابندی کا بل منظور کر لیا ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس میں پاکستان جنرل کاسمیٹکس بل پر بحث کے بعد اسے منظور کر لیا گیا۔ وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ کینسر غیر معیاری رنگ گورا کرنے والی کریموں سے ہو رہا ہے، ای کامرس کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ آن لائن خرید و فروخت میں ٹیکس چوری کیا جا رہا ہے۔

آن لائن ٹریڈ کے حوالے سے قانون پر کام ہو رہا ہے جلد اس کا کوئی نتیجہ نکلے گا۔ اس پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد مگسی نے کہا بل کے تحت ایک اتھارٹی بنے گی جو کاسمیٹکس کو ریگولیٹ کرے گی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ایک دوائی جس پر پاکستان میں 40 سال پہلے پابندی لگی وہ اب بھی مل رہی ہے۔ رضا حیات ہراج نے کہا کہ کراچی سمیت بڑے شہروں میں بھینسوں کو دودھ کیلئے آکسیٹوسن انجکشن لگائے جاتے ہیں، اس انجکشن کی وجہ سے ان بھینسوں کو بھی کینسر ہو رہا ہے،

پاکستان میں کاسمیٹکس پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ کاسمیٹکس میں مرکری کا استعمال ہوتا رہا جو جلد کے کینسر کا سبب بنتا ہے، قانون سازی اور معیار نہ ہونے کے باعث کاسمیٹکس ایکسپورٹ بھی نہیں کی جا سکتیں جبکہ کاسمیٹکس بنانے والے ارب پتی بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی اور اتھارٹی نہ ہونے کے باعث غیر معیاری کاسمیٹکس بنانے والے عدالتوں سے بھی بری ہو جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر خالد مگسی نے کہا کہ کاسمیٹکس کی ایکسپورٹ کیلئے اسٹینڈرڈ بنانے کی ضرورت ہے، قانون سازی سے غیر معیاری کاسمیٹکس بنانے اور امپورٹ پر سزا ہو سکے گی۔ بل پر بحث کے بعد کمیٹی نے اس کو منظور کر لیا،

جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ غیر معیاری کاسمیٹکس بنانے اور امپورٹ کرنے پر 7 سال قید کی سزا ہو سکے گی۔ بل کے مطابق غیر معیاری کاسمیٹکس بنانے اور امپورٹ کرنے پر 1 کروڑ روپے تک جرمانے کی سزا ہو گی۔ اسی بل کے تحت غیر معیاری کاسمیٹکس کی روک تھام کیلئے اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔