پٹرول مہنگا ہونے پر لاہور میں رکشہ ڈرائیور سڑکوں پر نکل آئے

مظاہرین نے پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے حکومت سے قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا۔

September 10, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف لاہور میں رات گئے رکشہ، بس اور موٹر سائیکل ڈرائیوروں نے احتجاج کیا۔

مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یتیم خانہ چوک میں ہونے والے احتجاج میں بڑی تعداد میں ڈرائیورز نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے حکومت سے قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی شرکا کا کہنا تھا کہ چند روز کے دوران پٹرول کی قیمت میں ہونے والے بڑے اضافے سے غریب اور متوسط طبقہ شدید متاثر ہوا ہے۔ ان کے مطابق مہنگے پٹرول کے باعث رکشہ ڈرائیوروں کے روزگار پر بھی براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔

ملی رکشہ یونین کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جاسکتا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ عام شہریوں پر ڈالنے کے بجائے حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔