فیصل آباد میں 4 ہزار شہریوں سے مبینہ آن لائن فراڈ، 2 ملزمان گرفتار
ملزمان شہریوں سے حاصل کی گئی رقم غریب افراد کے نام پر کھلوائے گئے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرواتے تھے۔
فائل فوٹو
فیصل آباد میں آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں سے مبینہ فراڈ کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد سفیان کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کو دیپالپور سے حراست میں لیا گیا۔ ان کے قبضے سے ایک کروڑ 30 لاکھ روپے نقد رقم اور 3 کلو سے زائد چاندی برآمد ہونے کا بتایا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق زیرِ حراست ملزمان پر تقریباً 4 ہزار شہریوں کو مبینہ طور پر دھوکا دینے کا الزام ہے۔ ملزمان شہریوں سے حاصل کی گئی رقم غریب افراد کے نام پر کھلوائے گئے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرواتے تھے۔
حکام کے مطابق مبینہ فراڈ میں ملوث گروہ کے 14 ارکان ہیں، جن میں سے 2 کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ باقی 12 ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔