جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں جج امجد علی شاہ نے مقدمے کی کارروائی کی

September 10, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید احمد، علی امین گنڈاپور اور شبلی فراز سمیت 120 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 24 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں جج امجد علی شاہ نے مقدمے کی کارروائی کی۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے بھی نمائندگی موجود تھی۔

سماعت کے دوران شیخ رشید احمد کے وکیل سردار عبدالرزاق نے اپنے موکل کی بیرون ملک روانگی سے متعلق درخواست پر سماعت کرنے کی استدعا کی۔

عدالت نے درخواست سے متعلق پراسیکیوشن کو مزید بحث کے لیے دوپہر 12 بجے تک کا وقت دیا۔ بعد ازاں شیخ رشید احمد نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں اپنی حاضری لگائی اور قانونی ٹیم کے ہمراہ عدالت سے روانہ ہوگئے۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت بغیر مزید کارروائی کے 24 ستمبر تک ملتوی کردی۔