مشاہد حسین سید نے نئے صوبوں کو صہیونی منصوبے سے جوڑ دیا

پاکستان کے دشمن پہلے ہی مسلم دنیاکے نئے نقشے تیار کررہے ہیں

September 10, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

معروف دانشور اور سیاسی رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کاقیام پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے دشمن کی سازش کو کامیاب ہونے کا راستہ دے گا ۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہوں نے لکھا کہ بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے۔ انہوں نے ایک سابق امریکی سیاست دان پال کریگ رابرٹس کی پوڈکاسٹ کو شیئر کرتے ہوئے یہ ریمارکس دیئے۔

اس پوڈ کاسٹ میں پال کا کہناتھاکہ پاکستان کو ایران اور یمن کے خلاف کرائے کا سپاہی بنایا جارہاہے ۔اسرائیلی دریائے نیل سے لے کر پاکستان تک زمین ہتھیانے کے لیے نئے نقشے بناچکے ہیں۔

مشاہدحسین سید نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھاکہ سینئر امریکی اہل کارنے خطرے کی گھنٹی بجادی۔نئے صوبوں کے حامی پاکستان دشمنوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں جو پہلے ہی مسلم دنیا کے نئے نقشے تیار کر رہے ہیں اور نئے صوبوں کی احمقانہ، بے سوچی سمجھے تجاویز کے ذریعے پاکستان کو کمزور کریں گے۔یہ صیہونی منصوبہ ہے۔
مشاہدحسین سید کے مطابق، پاکستان کو امریکہ اور اسرائیل کی جنگ میں پھنسایا جارہاہے۔ یمن کے اندرونی مسائل میں الجھا یا جارہاہےاور پھر صوبائیت کے ذریعے اندرسے کمزور کرنے کی سازش پر عمل ہوگا۔فیڈریشن کا کنٹرول ختم ہوجائے گا اور وہ ایک بے اختیار وفاق بن جائے گا۔ان کا کہناتھاکہ صیہونی پاکستان، ترکیہ اور ایران جیسے بڑے مسلمان ملکوں کو ٹکڑے ٹکڑے کرناچاہتے ہیں جیسے مشرقی تیمور بناکر ایشیاکی سب سے بڑی مسلم ریاست انڈونیشیا،اور جنوبی سوڈان بناکر افریقہ کی سب سے بڑی مسلم ریاست سوڈان کو تقسیم کیا گیا۔