عاصم افتخار احمد پاکستان کے نئے سیکریٹری خارجہ مقرر

وزیراعظم شہباز شریف نے عاصم افتخار احمد کی بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

September 10, 2026 · قومی

اسلام آباد: حکومت نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کو ملک کا نیا سیکریٹری خارجہ مقرر کر دیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اہم سفارتی تقرریوں اور تبدیلیوں کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عاصم افتخار احمد کی بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

عاصم افتخار احمد اس وقت اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دفتر خارجہ کی قیادت کریں گے اور عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں گے۔

دوسری جانب موجودہ سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ 17 ستمبر کو اپنی سرکاری ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوجائیں گی۔ وہ 11 ستمبر 2024 سے سیکریٹری خارجہ کے منصب پر ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔

آمنہ بلوچ کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں ترکیہ میں پاکستان کی سفیر مقرر کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آمنہ بلوچ کی وزارت خارجہ کے لیے خدمات اور مشکل حالات میں ان کی قیادت کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔